لاہور:یونیورسٹی میں خودکشی کا دوسرا واقعہ
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر واقع ایک نجی یونیورسٹی میں چند روز کے دوران خودکشی کا دوسرا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک طالبہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی چھت سے چھلانگ لگا دی۔ واقعے کے بعد تعلیمی ادارے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق 21 سالہ طالبہ نے یونیورسٹی کی بلڈنگ کی دوسری منزل سے چھلانگ لگائی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔ طالبہ کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
نواب ٹاؤن پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل اسی نجی یونیورسٹی میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ایک طالبعلم نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔
پولیس کے مطابق زخمی طالبہ ڈی فارم کی طالبہ ہے اور اس کا تعلق نارنگ منڈی، ضلع شیخوپورہ سے ہے۔ واقعے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری طور پر ادارے کو بند کر دیا ہے۔
دوسری جانب طلبہ اور والدین کی جانب سے تعلیمی اداروں میں ذہنی دباؤ، طلبہ کی کونسلنگ اور سکیورٹی و نگرانی کے مؤثر نظام پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
