راولپنڈی میں پولیس مقابلہ، خطرناک ڈاکوؤں کا گینگ ختم، 4 ہلاک

0

راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 4 خطرناک ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا ہے جو متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس کے مطابق یہ گینگ کار چھیننے، قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا، جبکہ چند روز قبل اسی گینگ پر ایک تاجر کے قتل کا الزام بھی تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو شہر میں کار چھیننے کی اطلاع ملی، جس پر اہلکاروں نے مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں پولیس نے کارروائی کی اور چاروں ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو راولپنڈی، پشاور اور اسلام آباد میں قتل، ڈکیتی اور کار چھیننے کے متعدد مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ تھے۔ ان کی زیر استعمال گاڑی بھی اسلام آباد سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ چند روز قبل اسی گینگ پر صدر بیرونی کے علاقے میں ایک تاجر کے قتل کا الزام بھی تھا، جس سے یہ گینگ شہریوں کے لیے شدید خطرہ بن گیا تھا۔پولیس کی یہ کارروائی راولپنڈی میں امن و امان کی بحالی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت پیغام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.