27ویں آئینی ترمیمی بل 7 نومبر کو سینیٹ اجلاس میں پیش کیا جائے گا

0

اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کے بل کو حتمی شکل دے دی، جو 7 نومبر کو سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیاں آئندہ اجلاسوں میں مجوزہ بل کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ 27ویں آئینی ترمیم کا بل آئندہ ہفتے کے دوران منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ مجوزہ ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 243 میں اہم تبدیلیاں شامل کی گئی ہیں، جن کے تحت آرمی چیف کو دیے گئے فیلڈ مارشل کے عہدے کو آئینی حیثیت دی جائے گی تاکہ اسے باضابطہ طور پر تسلیم کیا جا سکے۔

ترمیم کے دیگر نکات میں آئینی عدالتوں کے قیام کا معاملہ، ایگزیکٹو کی مجسٹریل پاور کو ضلعی سطح تک منتقل کرنے کی تجویز اور پورے ملک میں یکساں نصابِ تعلیم کے نفاذ کا امکان شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق، حکومت کا مؤقف ہے کہ مجوزہ ترامیم کا مقصد آئینی و انتظامی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ریاستی اداروں کے کردار کو مزید واضح بنانا ہے۔

بل کی منظوری کے بعد اہم ریاستی عہدوں کے حوالے سے قانونی اور آئینی وضاحتیں سامنے آئیں گی، جبکہ ماہرینِ قانون کی رائے میں یہ ترمیم ملکی نظامِ حکمرانی پر طویل المدتی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.