وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے، عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
ریاض :سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ ریاض پہنچ گئے۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر شہزاہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور بلال بن ثاقب وزیراعظم کے ہمراہ اعلی سطح وفد میں شریک ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ریاض میں منعقدہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔وزیراعظم اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے دو طرفہ ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں پاکستان و سعودی عرب کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوگی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔وزیراعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں شرکت کے لیے آئے عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
