پاکستانی وفدوزیر دفاع کی قیادت میں دوحہ پہنچ گیا ، افغان طالبان کیساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوں گے

0

اسلام آباد : پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف  کی قیادت میں دوحہ  پہنچ گیا ہے جو افغان طالبان کے نمائندوں سے اہم مذاکرات کرے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ان مذاکرات کا بنیادی مقصد افغانستان سے پاکستان کے خلاف جاری سرحد پار دہشت گردی کے فوری خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات پر غور و خوض کرنا ہے۔

مذاکرات میں پاک،افغان سرحد پر امن و استحکام کی بحالی اور باہمی اعتماد کے فروغ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتا بلکہ باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں دیرپا امن کا خواہاں ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے افغان طالبان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری سے کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں اور پاکستان کے جائز سکیورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے ٹھوس اور قابلِ تصدیق کارروائی کریں۔ ان کارروائیوں میں خاص طور پر دہشت گرد تنظیموں  ٹی ٹی پی ، ایف اے کے ، ایف اے ایچ  اور بی ایل اے  کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔

پاکستان نے قطر کی جانب سے جاری ثالثی اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.