شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملے کی کوشش ناکام، 10 خارجی ہلاک

0

راولپنڈی:شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خود کش حملے کی کوشش ناکام بنادی، جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق خوارج نے سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ایک دہشتگرد نے بارود سے بھری گاڑی کیمپ کی دیوار سے ٹکرائی، جس سے زوردار دھماکا ہوا۔

اس کے بعد 3 مزید خوارجی کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں تھے، تاہم فورسز کی بروقت اور بہادرانہ کارروائی کے نتیجے میں تینوں حملہ آور کیمپ کے باہر ہی ہلاک کر دیے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں سکیورٹی فورسز کو کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں، شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں بھی سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔ ٹنگ کلی (دتہ خیل) کے علاقے میں یہ کارروائی 8 سے 10 روز کی نگرانی کے بعد 16 اکتوبر کو عمل میں لائی گئی، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔

ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کا مقامی کمانڈر محبوب عرف محمد بھی شامل ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 4 روز کے دوران افغان طالبان کے بھیجے گئے 94 خوارج کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ خوارج کے مکمل خاتمے تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.