افغان طالبان کی درخواست پر پاکستان کا 48 گھنٹے کے لیے عارضی سیز فائر کا فیصلہ
اسلام آباد: افغان طالبان کی درخواست پر پاکستان نے عارضی جنگ بندی (سیز فائر) کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے باضابطہ طور پر جنگ بندی کی درخواست کی گئی تھی، جس کے بعد پاکستان نے مثبت ردِعمل دیتے ہوئے اس تجویز کو قبول کرلیا۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، سیز فائر کا اطلاق آج شام 6 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ آئندہ 48 گھنٹوں تک برقرار رہے گا۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے اور سرحدی امن کی بحالی کے لیے تعمیری بات چیت پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان پُرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے، اور سمجھتا ہے کہ بات چیت ہی تنازعات کے پائیدار حل کا واحد راستہ ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق، دونوں ممالک کے نمائندوں کے درمیان جلد اعلیٰ سطحی مذاکرات متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان کی جانب سے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق مذاکرات میں حصہ لیں گے، جبکہ افغان فریق کی نمائندگی ممکنہ طور پر وزیرِ خارجہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ جنگ بندی کے دوران دونوں ممالک کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی یا اشتعال انگیزی سے گریز کریں گے تاکہ امن عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر 48 گھنٹوں کے دوران پیش رفت مثبت رہی تو سیز فائر میں توسیع کا امکان بھی موجود ہے۔
