کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں دھماکا، 9 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

0

کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں فرنٹیئر کور یعنی ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 9 جاں بحق جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زائد ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔دھماکے سے اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ایک موٹر سائیکل، رکشہ اور قریبی کھڑی گاڑیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا تعین کیا جا سکے۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔دوسری جانب سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں کو فوری طور پر ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جبکہ جائے وقوعہ پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔دھماکے کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.