بھارت نے دریائے ستلج میں پھر پانی چھوڑ دیا، اگلے 3 دن ملتان کے لیے انتہائی اہم قرار
بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا ہے جس کے بعد پنجاب کے علاقوں میں مزید سیلاب متوقع ہے۔
پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمیشن نے بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کی اطلاع پاکستانی حکام کو دی ہے۔اطلاع ملنے پر وزارتِ آبی وسائل نے سیلابی الرٹ جاری کردیا ہے۔ دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
دوسری طرف ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اگلے 3 دن ملتان کے لیے انتہائی اہم ہیں، جلال پور پیروالا اب تک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں دریائے راوی اور ستلج کا پانی جمع ہوچکا ہے، آج بند ٹوٹنے سے علاقہ مزید متاثر ہوگیا۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا کی کوششیں ہورہی ہیں، لیکن لوگ اپنے گھروں سے نکلنے سے گریزاں ہیں جو ہمارے لیے چیلنج ثابت ہوا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ علاقے میں کافی تعداد میں کشتیاں موجود ہیں، پچھلی رات راولپنڈی اور گجرانوالہ ڈویژن سے وسائل لاکر جلال پور پیروالا کو بچانے کے لیے مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چناب دریا میں پانی چھوڑتے ہوئے انڈیا نے پیشگی اطلاع نہیں دی، صرف ستلج میں پانی چھوڑنے سے قبل بتا دیا گیا تاہم اب انڈیا سے پانی نہیں آرہا۔
پی ڈی ایم اے کے سربراہ نے بتایا کہ لاہور، ناروال، شیخوپورہ، گجرانوالہ اور ننکانہ میں پانی کا بہاؤ کم ہوا ہے اور وہاں ہم بحالی کے کاموں کا آغاز کررہے ہیں، اگلے 3 دن جنوبی پنجاب خاص طور پر ملتان کے لیے اہم ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور انخلا یقینی بنائیں۔
