بنگلہ دیشی گلوکارہ رونا لیلیٰ بھارتی ایوارڈ ‘مینارِ دہلی’ کے لیے منتخب
ڈھاکہ :جنوبی ایشیا کی نامور گلوکارہ رونا لیلیٰ کو فن اور موسیقی کے شعبے میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں بھارت کے باوقار اعزاز ‘مینارِ دہلی’ سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ معتبر اعزاز انہیں نئی دہلی میں منعقد ہونے والے 15ویں دہلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران پیش کیا جائے گا، جو کہ 4 مئی سے 8 مئی تک جاری رہے گا۔
رونا لیلیٰ نے اس حوالے سے خود تصدیق کرتے ہوئے فیسٹیول کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے انہیں اس تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا ہے۔
فیسٹیول کے بانی اور صدر رام کشور پارچہ نے گلوکارہ کو لکھے گئے ایک مراسلے میں ان کی فنی عظمت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رونا لیلیٰ کی موسیقی محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ یہ جذبات اور یادوں کا ایک ایسا حسین سنگم ہے جس نے بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ایک مضبوط ثقافتی پل کا کردار ادا کیا ہے۔
منتظمین کے مطابق رونا لیلیٰ کی سحر انگیز آواز اور دہائیوں پر محیط ان کا فنی سفر دونوں ممالک کے کروڑوں دلوں میں بستا ہے اور ان کی یہ میراث آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
یہ تقریب نئی دہلی کے اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقد ہوگی۔ ‘مینارِ دہلی’ ایوارڈ کی تاریخ کافی معتبر رہی ہے اور یہ اعزاز اس سے قبل بھارتی اداکارہ و آرٹ فرفارمر زہرہ سہگل، سری لنکا کے سابق صدر مائیتھری پالا سری سینا اور روسی اداکارہ کسینیا ریبیکانا جیسی عالمی شخصیات کو دیا جا چکا ہے۔
