وزیراعظم شہباز شریف قطر پہنچ گئے، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات

0

دوحہ:وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دوحہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، بالخصوص خلیجی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر اور دیگر ممالک پر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور پاکستان و خلیجی ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

اس سے قبل دوحہ پہنچنے پر وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی شامل ہیں۔

وزیراعظم اور پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ ائیرپورٹ اور شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔

 اعلامیے کے مطابق قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے وزیراعظم کے طیارے کو حفاظتی حصار میں لے کر ائیرپورٹ تک ہمراہ رکھا، جس پر وزیراعظم نے قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.