ایران پر مسلط کردہ جنگ کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے: بلاول بھٹو زرداری

0

لاڑکانہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ کا بوجھ ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے، ایسے میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔

ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے ایران کے خلاف جنگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑ رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ یہ تنازع مزید پھیل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور دعا ہے کہ خطے میں جلد امن قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران، فلسطین اور لبنان سمیت مختلف ممالک میں جاری کشیدگی کے اثرات براہِ راست پاکستان تک پہنچ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے تجویز دی کہ عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے، اور اگر اس مقصد کیلئے منی بجٹ لانا پڑے تو پاکستان پیپلزپارٹی اس کی حمایت کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت چھوٹے کسانوں کیلئے کسان کارڈ متعارف کرا رہی ہے جبکہ موٹرسائیکل مالکان کو بھی ریلیف دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کو سہولت دینے کیلئے صوبے اور وفاق مل کر اقدامات کریں گے تاکہ کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران میں وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینے پر زور دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.