پنجاب اور اسلام آباد میں عوام کیلئے بڑا ریلیف، پبلک ٹرانسپورٹ مفت، ڈیزل سبسڈی کا بھی اعلان

0

لاہور/اسلام آباد: مریم نواز نے صوبے بھر کے تمام شہروں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت کرنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد شہری بغیر ٹکٹ سفر کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس سروس، اسپیڈو بس اور گرین الیکٹرو بس سمیت تمام پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کو کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس اقدام کو مہنگائی کے دباؤ میں عوام کیلئے فوری ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ غیرمعمولی حالات میں ذاتی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں تاکہ ایندھن کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، جس سے زرعی شعبے کو بھی ریلیف ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے باعث دنیا معاشی بحران کا شکار ہے، تاہم حکومت حالات بہتر ہوتے ہی عوام پر سے مالی بوجھ کم کرنے کیلئے مزید اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس موقع پر شہباز شریف کی جانب سے حالیہ معاشی ریلیف پیکیجز کو بھی سراہا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں بھی شہریوں کیلئے بڑا ریلیف سامنے آیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر اسلام آباد میں ایک ماہ کیلئے تمام پبلک ٹرانسپورٹ مفت کر دی گئی ہے۔

محسن نقوی کے مطابق وزارت داخلہ اس سہولت پر آنے والے تقریباً 35 کروڑ روپے کے اخراجات برداشت کرے گی تاکہ شہریوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد عوام کو ریلیف دینے کیلئے یہ اہم اقدامات سامنے آئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.