یو اے ای آسان شکار نہیں ، اماراتی صدرکا ایران جنگ کے بعد پہلابیان
دبئی :متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر محمد بن زاید النہیان کا ایران جنگ کے بعد عوامی سطح پر پہلا بیان سامنے آگیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کےہسپتال میں جنگ کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے موقع پر اماراتی ٹی وی سے گفتگو میں محمد بن زاید النہیان کا کہنا تھا کہ قوم حالت جنگ میں ہے، ہم اپنے ملک، عوام اور یہاں کے رہائشی جو کہ ہمارے خاندان کا حصہ ہیں، ان کے لیے اپنا فرض ادا کریں گے۔
اماراتی صدر کا کہنا تھا کہ یو اے ای آسان شکار نہیں ہے، ہم مضبوط قوت اور پختہ عزم رکھتے ہیں، دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی ساتوں ریاستوں میں موجود ہر شخص کی حفاظت کریں گے۔
دوسری جانب اماراتی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہےکہ اماراتی فضائی دفاعی نظام میزائل خطرات کا جواب دے رہے ہیں۔ اماراتی وزارت داخلہ نے شہریوں کو محفوظ مقام پر رہنے اور سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
