بھارت: قومی شوٹنگ کوچ 17 سالہ نیشنل شوٹر کے ساتھ مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار
نئی دہلی :بھارت میں شوٹنگ کے قومی کوچ انکوش بھردواج کو 17 سالہ نیشنل شوٹر کے مبینہ ریپ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ نوجوان شوٹر نے دہلی میں ہونے والے شوٹنگ ایونٹ کے دوران پرفارمنس کے جائزے کے لیے منعقدہ سیشن میں کوچ پر ہوٹل میں مبینہ زیادتی کا الزام لگایا۔
ہریانہ پولیس نے متاثرہ کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے انکوش بھردواج کو گرفتار کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا عمل شروع کر دیا اور متاثرہ شوٹر، کوچ اور دیگر افراد کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ فرید آباد پولیس نے ہوٹل سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی طلب کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکوش بھردواج کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور شوٹنگ ایسوسی ایشن نے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔