مسلم ممالک اتحاد کا مظاہرہ کریں تو دنیا میں کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا: گورنر سندھ
کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اگر مسلم ممالک اتحاد کا مظاہرہ کریں تو دنیا میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
ایران کے 47ویں یومِ انقلاب اور قومی دن کی تقریب کے موقع پر قونصل خانے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی انقلاب عوام کی امنگوں کے مطابق برپا ہوا اورایران نے عالمی سطح پر خود کو منوایا اور ترقی کی منازل طے کیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر اسلامی ممالک مشترکہ حکمت عملی اپنائیں تو عالمی منظرنامے پر مضبوط کردار ادا کر سکتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک لے جانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے بینکنگ چینلز کو فعال بنا کر تجارتی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اُمتِ مسلمہ کو اجتماعی طور پر مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا تاکہ خطے میں امن اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔