صدر مملکت کی طویل خدمات انجام دینے والے ایڈیشنل اٹارنی جنرلز کیلئے خصوصی الاؤنس کی منظوری
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے طویل عرصہ خدمات انجام دینے والے ایڈیشنل اٹارنی جنرلز کے لیے خصوصی الاؤنس کی منظوری دے دی۔
ایوانِ صدر کے مطابق صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر سمری پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے تحت ایڈیشنل اٹارنی جنرلز کو خصوصی مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل، ڈپٹی اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرلز کی ملازمت کی شرائط و ضوابط میں بھی ترمیم کی منظوری دی گئی ہے۔ ترمیم کے تحت ایڈیشنل اٹارنی جنرلز کے لیے ’اسپیشل ایڈیشنل اے جی الاؤنس‘ متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد طویل خدمات انجام دینے والے افسران کی پیشہ ورانہ کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام سے قانونی امور کی انجام دہی میں تسلسل اور ادارہ جاتی استحکام کو فروغ ملے گا۔