سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، 73 افراد تاحال لاپتہ، خواتین بھی شامل

0

کراچی: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ واقعے کے بعد اب بھی 73 افراد لاپتا ہیں، جن میں کئی خواتین بھی شامل ہیں۔

سندھ حکومت کی ہیلپ ڈیسک کے مطابق گزشتہ روز 70 افراد کے لاپتا ہونے کا اندراج کیا گیا تھا، تاہم آج مزید 3 افراد کے نام لاپتا افراد کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ ہیلپ ڈیسک کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر تقریباً قابو پا لیا گیا ہے اور اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ ریسکیو اہلکار لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے آگ لگی، جو گراؤنڈ فلور سے شروع ہو کر دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے، جبکہ لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں رات بھر جلتی ہوئی عمارت کے باہر بے بسی سے کھڑے رہے۔

فائر فائٹرز نے مسلسل 33 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پایا، جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا۔ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے بعد فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں پلازہ کے اندر داخل ہوئیں اور جلی ہوئی دکانوں میں محدود پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے، جنہیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔

سانحہ گل پلازہ میں اب تک 17 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دوسری جانب کراچی پولیس چیف آزاد خان نے واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.