جس طرح سندھ نے کارکردگی دکھائی، باقی صوبے بھی دکھائیں: شرجیل میمن
اسلام آباد: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جس طرح سندھ نے ترقی اور کارکردگی میں مثال قائم کی ہے، دیگر صوبوں کو بھی اسی طرح اقدامات کرنے چاہئیں۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بدقسمتی سے سیاست کا معیار اکثر ایک دوسرے پر تنقید تک محدود رہ گیا ہے۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت دنیا میں واحد صوبہ ہے جو سائبر نائف کے ذریعے مفت علاج فراہم کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق سائبر نائف کے ذریعے محض 11 ممالک میں علاج ممکن ہے، اور دنیا بھر میں یہ علاج لاکھوں ڈالرز میں دستیاب ہے۔ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ سال 29 لاکھ افراد کا مفت علاج کیا گیا، جبکہ این آئی سی وی ڈی میں دیگر صوبوں کے 56 فیصد مریض دل کے امراض کا علاج کراتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب سے سندھ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، تاہم حکومت 21 لاکھ گھر بنانے جا رہی ہے، اور کروڑوں لوگوں کو مفت رہائش فراہم کرے گی۔ کم مدت میں مینگروز کے درخت لگائے گئے اور دو بار گنیز ریکارڈ قائم ہوا۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ تھر کے انفراسٹرکچر پر ایک ارب ڈالر خرچ کیے جا چکے ہیں، اور تھر کے کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی پورے ملک کو فراہم کی جا رہی ہے، جو ملکی ماہرین کے مطابق سب سے سستی بجلی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پرائیویٹ بزنس کمیونٹی سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، جبکہ شاہراہ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ مکمل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں، اور منفی سوچ کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ وژن کے بارے میں آگاہ کیا تھا، اور وہ چاہتے ہیں کہ دنیا بھر کو معلوم ہو کہ پاکستان میں کیا مواقع موجود ہیں۔