خیبرپختونخوا پر محدود سوچ کی حکومت مسلط ہے، خواتین پر حملے بزدلی ہیں: عطا اللہ تارڑ
اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بہادر اور باوقار عوام کے صوبے پر ایسی حکومت مسلط ہے جس کی سوچ محدود اور رویہ افسوسناک ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف کی آڑ میں خواتین کو نشانہ بنانا شرمناک اور بزدلی کی واضح مثال ہے، جو کسی مہذب معاشرے میں قابلِ قبول نہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین مسائل پر بات کرنے کے بجائے ذاتی اور تضحیک آمیز حملے افسوسناک ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹی ٹی پی پاکستان کی دشمن ہے اور ریاست آخری دم تک اس کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔
وفاقی وزیر نے اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر کے بائیکاٹ کی اپیلوں کے باوجود ریکارڈ ریمیٹنسز موصول ہوئیں، جو ملکی معیشت پر اعتماد کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر، اسٹاک ایکسچینج اور غیر ملکی سرمایہ کاری جیسے اشاریے پاکستان کی معاشی بہتری کی نشاندہی کر رہے ہیں۔