نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، منصوبہ بندی کمیشن کو بااختیار بنانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد:نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان کی اقتصادی و ترقیاتی پالیسی سازی میں پلاننگ کمیشن (پی سی) کے تاریخی اور مرکزی کردار کو اجاگر کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کو اسٹریٹجک پالیسی سازی، ترجیحات کے تعین اور سرکاری سرمایہ کاری کی مؤثر نگرانی کے لیے بااختیار بنانا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاننگ کمیشن کو وزیراعظم کی براہِ راست قیادت میں اعلیٰ ترین ادارے کے طور پر کام کرنا چاہیے، جس میں ایک مربوط پالیسی و پلاننگ ونگ اور ایک علیحدہ ڈویلپمنٹ ونگ شامل ہو۔

نائب وزیراعظم نے اس امر پر زور دیا کہ تمام بڑے اقتصادی فیصلے قومی اقتصادی حکمتِ عملی سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں، جبکہ واضح کے پی آئیز (KPIs) کے ذریعے احتساب، کارکردگی اور حکومتی اداروں کے مابین ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پلاننگ کمیشن کو اقتصادی فیصلوں کے لیے مرکزی کلیئرنگ ہاؤس کا کردار ادا کرنا چاہیے، جو وزارتوں اور ڈویژنز کو پالیسی تسلسل اور ترقیاتی منصوبہ بندی میں رہنمائی فراہم کرے، جبکہ پائیدار اصلاحات کے ذریعے پاکستان کے اقتصادی نظم و نسق کو مضبوط بنایا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء برائے خزانہ، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات، موسمیاتی تبدیلی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو، خصوصی معاونِ وزیراعظم طارق باجوہ، سیکریٹری پلاننگ، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی اور متعلقہ وزارتوں و ڈویژنز کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.