وزیراعظم شہبازشریف کی وزیراعلیٰ بلوچستان کو چیف آف بگٹی کی دستار پر مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار
کوئٹہ :وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو بگٹی قبیلے کے چیف منتخب ہونے اور دستار بندی کی رسم ادا ہونے پر دلی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کے روز دورہ کوئٹہ کے موقع پر اراکین صوبائی و قومی اسمبلی اور صوبائی وزرا سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو قبائلی منصب کی زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میر سرفراز بگٹی کی قیادت نہ صرف بلوچستان کی سیاست بلکہ قبائلی روایات اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اپنی ذمہ داریوں کو بصیرت، تدبر اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔
شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، امن و استحکام اور خوشحالی کے سفر میں صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔