دادو: جعلی پولیس مقابلہ کیس، ایس ایچ او سمیت 10 اہلکاروں کو 7، 7 سال قید کی سزا
دادو: سیشن کورٹ نے جعلی پولیس مقابلے کے ایک سنگین مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر بی سیکشن تھانے کے ایس ایچ او سمیت 10 پولیس اہلکاروں کو 7، 7 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق بی سیکشن تھانے کے ایس ایچ او پر 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایک اے ایس آئی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے تمام سزا یافتہ اہلکاروں کو قید کی سزا کے ساتھ جرمانے کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔
فیصلہ سننے کے بعد اہلکار فرار
پولیس حکام کے مطابق سزا کا حکم سنائے جانے کے بعد تمام پولیس اہلکار عدالت سے فرار ہو گئے، تاہم انہیں جلد گرفتار کر کے سزا پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔
2022 کا جعلی پولیس مقابلہ
سزا یافتہ پولیس اہلکاروں پر 2022 میں ایک شہری کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کا الزام تھا۔ مقتول کی والدہ کی مدعیت میں بی سیکشن تھانے کے پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کی سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے جرم ثابت ہونے پر یہ فیصلہ سنایا۔