لاہور: نجی یونیورسٹی میں مبینہ خودکشی کا واقعہ، زیرِ علاج طالبہ ہوش میں آگئی، وینٹی لیٹر ہٹا دیا گیا

0

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں واقع ایک نجی یونیورسٹی میں مبینہ خودکشی کی کوشش کے بعد ہسپتال میں زیرِ علاج 21 سالہ طالبہ ہوش میں آگئی ہے اور اس کی حالت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق طالبہ کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ آکسیجن سپورٹ تاحال جاری ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی یو میں زیرِ علاج طالبہ فاطمہ کی ہیمو ڈائنامکس مستحکم ہیں اور اس نے ہوش میں آنے کے بعد اپنے اہلِ خانہ سے بات چیت بھی کی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق طالبہ کی مجموعی حالت تسلی بخش ہے تاہم ریڑھ کی ہڈی کی ممکنہ سرجری سے متعلق کل دوبارہ تفصیلی طبی جائزہ لیا جائے گا۔

چیئرمین میڈیکل بورڈ پروفیسر جودت سلیم نے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر فاروق افضل کو طالبہ کی صحت اور علاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں طالبہ کے اب تک کے علاج، طبی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی گئی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں رائے ونڈ روڈ پر واقع نجی یونیورسٹی کی 21 سالہ طالبہ نے مبینہ طور پر یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی تھی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئی تھی۔ طالبہ کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق طالبہ ڈی فارم کی طالبہ ہے اور نارنگ منڈی، ضلع شیخوپورہ کی رہائشی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.