مسجد خدیجۃ الکبریٰ دھماکہ :شہدا کے ورثا کیلئے 50 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کا نشانہ بننے والی مسجد خدیجۃ الکبریٰ کا دورہ کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس واقعے جیسی بدترین بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی اور یہ حملہ معاشرے میں تفریق پیدا کرنے کی سازش تھی جو ناکام ہو گئی۔
وزیراعظم نے شہدا کے ورثا کو 50 لاکھ روپے فی کس مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ شدید زخمیوں کو 30 لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 10 لاکھ روپے فی کس دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے عون عباس شہید کے گھر بھی گئے اور ان کی بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عون عباس جیسے بہادر نوجوان قوم کا فخر ہیں اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔