افغان سرزمین دہشت گرد گروہوں کے لیے سازگار ماحول قرار: اقوام متحدہ

0

نیویارک :اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تجزیاتی معاونت اور پابندیوں کی نگرانی کرنے والی ٹیم کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان حکام مختلف دہشت گرد گروہوں، بالخصوص تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغان سرزمین پر سرگرم گروہوں کو نقل و حرکت، تربیت اور تنظیم نو کے مواقع میسر آ رہے ہیں۔ سلامتی کونسل کی ٹیم نے اس امر کی نشاندہی کی کہ ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہیں اور معاونت حاصل ہونے سے خطے کی سکیورٹی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ بعض رکن ممالک کے مؤقف کے مطابق کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ٹی ٹی پی اور داعش خراسان کے ساتھ تربیتی کیمپوں اور وسائل کے تبادلے میں تعاون کیا ہے۔ اس ممکنہ تعاون کو خطے میں شدت پسندی کے پھیلاؤ کے تناظر میں تشویشناک قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال نہ صرف ہمسایہ ممالک بلکہ وسیع تر خطے کے امن و استحکام کے لیے چیلنج بن سکتی ہے، اور رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مربوط اور مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.