سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کا اعلان

0

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں آگ لگنے سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ جاں بحق افراد کے ورثا کو مالی امداد کی فراہمی کل سے شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے کے باعث کئی خاندان متاثر ہوئے ہیں اور متعدد افراد چلتے ہوئے کاروبار سے بے روزگار ہو گئے ہیں، حکومت تمام متاثرین کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔

سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مسلسل رابطے میں ہیں اور پارٹی قیادت کی ہدایت ہے کہ گل پلازہ کے تاجروں اور متاثرین کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں ہیں، یعنی 1200 سے زائد متاثرین ہیں، جن کی بحالی کے لیے جامع منصوبہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کا واقعہ انتہائی بڑا سانحہ ہے، فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیمیں تین مختلف مقامات سے اندر جانے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ 73 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملبہ اٹھانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فرانزک رپورٹ تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کو فوری معاوضہ فراہم کرنا چاہتی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے گل پلازہ کے متاثرین کی بحالی اور امدادی امور کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.