متنازع ٹوئٹ کیس: ایمان مزاری اور ہادی علی کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہ ہو سکا
اسلام آباد: متنازع ٹوئٹ کیس میں اسلام آباد پولیس اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ کرا سکیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج افضل مجوکہ نے ایمان مزاری اور ہادی علی کے خلاف متنازع ٹوئٹ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کے حکام، پولیس افسران اورسپیشل پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے، تاہم دونوں ادارے ملزمان کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہے۔
این سی سی آئی اے اور پولیس نے عدالت سے وارنٹ کی تعمیل سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کے لیے وقت مانگا، جس پر جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ جس ادارے کی رپورٹ غیر تسلی بخش ہوئی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
عدالت نے این سی سی آئی اے اور اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ وہ دن 2 بجے تک وارنٹ گرفتاری سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں، جس کے بعد سماعت میں 2 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔