جارجیا میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران طیارہ گاڑیوں سے ٹکرا گیا، متعدد افراد زخمی

0

امریکی ریاست جارجیا میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران ایک چھوٹا طیارہ سڑک پر موجود کئی گاڑیوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

گینزویل پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق واقعہ پیر کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب سنگل انجن طیارہ، ہاکر بیچ کرافٹ بی ای-36، اٹلانٹا کے شمال میں مختصر پرواز کے دوران انجن میں خرابی کا شکار ہوگیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے بتایا کہ طیارے کو تقریباً 12 بج کر 10 منٹ پر انجن کے مسائل کا سامنا ہوا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں کئی افراد کو معمولی چوٹیں آئیں، جبکہ ایک ڈرائیور سمیت 2 افراد کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے جاری تصاویر میں سفید رنگ کے طیارے کو سڑک کے ایک چوراہے کے قریب دیکھا جا سکتا ہے جس کے اگلے حصے اور دائیں بازو کو نقصان پہنچا۔ ایک تصویر میں ایک ایس یو وی کی اگلی باڈی بھی متاثر دکھائی دیتی ہے جبکہ فائر ڈیپارٹمنٹ کا عملہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

حکام کے مطابق طیارہ گینزویل کے لی گلمر میموریل ایئرپورٹ سے اڑان بھر کر چیروکی کاؤنٹی ریجنل ایئرپورٹ کینٹن جا رہا تھا، تاہم پرواز کے فوراً بعد انجن کی رفتار (آر پی ایم) سے متعلق مسائل سامنے آئے۔ طیارے میں 2 پائلٹ سوار تھے جنہوں نے واپسی کا فیصلہ کیا۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے مطابق پائلٹ نے محسوس کیا کہ طیارے میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ واپس ایئرپورٹ تک پہنچ سکے، جس پر انہوں نے سڑک پر ہنگامی لینڈنگ کی  اس دوران طیارہ 3 گاڑیوں سے ٹکرا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طیارے کے دائیں بازو کے ایک گاڑی سے ٹکرانے پر فیول ٹینک الگ ہو کر ایس یو وی کے پچھلے حصے سے جا ٹکرایا اور گاڑی کے اندر جا گرا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.