ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف احتجاج سپر باول تک جا پہنچا
نیویارک:امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف جاری احتجاج کا دائرہ امریکیوں میں بے حد مقبول نیشنل فٹبال کے فائنل Super Bowlتک جا پہنچا ہے۔
اس سال بہترین البم کا گریمی ایوارڈ جیتنے والے معروف امریکی گلوکار Bad Bunnyنے سپر باول میں اپنی پرفارمنس کےدوران صدر ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ گلوکار نے اپنا گریمی ایوارڈ علامتی طور پر امریکی انفورسمنٹ اداروں کی جانب سے حراست میں لیے گئے ایک 5 سالہ بچے کے نام کیا۔
پرفارمنس کے دوران Bad Bunny نے لاطینی امریکا کے مختلف ممالک کے پرچم لہراتے ہوئے ان ممالک کے نام لیے اور ایک واضح سیاسی پیغام دیا کہ “ہم سب مل کر امریکا بناتے ہیں”۔ ان کا یہ اقدام اسٹیڈیم میں موجود شائقین کی جانب سے بھرپور داد کا باعث بنا۔
تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو Bad Bunny کی یہ پرفارمنس پسند نہ آئی۔ صدر ٹرمپ نے گلوکار کی کارکردگی کو سپر باول کی تاریخ کی بدترین پرفارمنس قرار دیتے ہوئے اسے کھیل جیسے بڑے ایونٹ کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کہا۔
پس منظر:
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت میں سخت امیگریشن پالیسیوں، سرحدی دیوار، اور غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائیوں پر امریکا اور لاطینی کمیونٹی میں شدید ردعمل پایا جاتا رہا ہے۔ بچوں کو والدین سے علیحدہ کرنے اور حراستی مراکز میں رکھے جانے جیسے اقدامات پر عالمی سطح پر بھی تنقید کی گئی۔
حالیہ برسوں میں امریکی فنکار، کھلاڑی اور سماجی شخصیات بڑے عوامی ایونٹس کو سیاسی اور سماجی پیغامات کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جس کی ایک نمایاں مثال سپر باول میں Bad Bunny کی یہ پرفارمنس ہے۔