ایران میں حکومت مخالف مظاہرے 100 سے زائد شہروں تک پھیل گئے، 47 افراد ہلاک
تہران :ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آ گئی ہے، غیر ملکی انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق احتجاج اب ملک کے 100 سے زائد شہروں تک پھیل چکا ہے۔ تہران اور مشہد سمیت مختلف شہروں میں رات گئے حکومت کے خلاف سڑکوں پر مارچ کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک ہلاک افراد کی تعداد 47 ہو چکی ہے، جن میں متعدد سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ تقریباً 2500 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
صورتحال کے پیش نظر ایران میں ایک بار پھر انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے، جبکہ ترکیے نے سکیورٹی خدشات کے باعث استنبول سے تہران جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ایرانی میڈیا نے صوبہ کرمانشاہ میں مظاہروں کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے فائرنگ کی ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں نقاب پوش افراد کو اسلحہ کے ساتھ فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔