ایران کیخلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف نے دشمنوں کو سخت انتباہ دیدیا

0

تہران :ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے دشمن طاقتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غلطی کا فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا، جبکہ داخلی احتجاجات میں امریکا اور اسرائیل کی مداخلت کو مسترد کر دیا

 ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے ایران کو لاحق بیرونی خطرات کے حوالے سے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ دشمنوں کی کسی بھی غلطی کا فیصلہ کن اور شدید جواب دیا جائے گا۔

تہران میں آرمی کی یونیورسٹی آف کمانڈ اینڈسٹاف کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل حاتمی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ان کی دفاعی صلاحیت جون 2025 میں مسلط کی گئی جنگ کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہو چکی ہے۔

انہوں نے دشمن طاقتوں کی بڑھتی ہوئی دھمکی آمیز زبان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی بھی فریق نے ایران کے خلاف غلط اندازہ لگایا تو اسے نہایت سخت اور فیصلہ کن ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جارح کا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا۔

میجر جنرل حاتمی نے کہا کہ ایران پر عائد ظالمانہ پابندیاں دشمنوں کی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں جس کا مقصد معاشی دباؤ کے ذریعے ایرانی عوام کو نقصان پہنچانا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی عوام کے اقتصادی مسائل یا پیشہ ورانہ نوعیت کے احتجاجات کا امریکا یا صیہونی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام اپنی بیداری اور شعور کی بدولت بیرونی سازشوں کو بخوبی سمجھتے ہیں اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد رہتے ہیں۔ انہوں نے ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیشہ فساد پھیلانے والوں کا ساتھ دینے سے انکار کیا اور امریکا اور اسرائیل کی خواہشات کے مطابق راستہ اختیار نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.