صدر ٹرمپ کا وینزویلا سے تیل امریکہ منتقل کرنے کا اعلان
واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل اعلیٰ معیار کا تیل امریکہ منتقل کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یہ تیل امریکہ میں مارکیٹ قیمت پر فروخت کیا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی ان کے کنٹرول میں رہے گی، جسے وہ امریکہ اور وینزویلا کے عوام کے فائدے کے لیے استعمال کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے انرجی سیکرٹری کرس رائٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس منصوبے پر کام شروع کریں اور وینزویلا سے تیل امریکی بندرگاہوں تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کریں۔ الجریدہ کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس اعلان سے قبل غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ وینزویلا سے تیل امریکہ برآمد کرنے کے لیے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق وینزویلا سے خام تیل امریکہ کی ریفائنریز کو برآمد کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ الجریدہ کے مطابق امریکہ نے دسمبر کے وسط سے وینزویلا کے تیل کی درآمدات کو روک رکھا ہے، جس کے بعد یہ پیش رفت خاصی اہم سمجھی جا رہی ہے۔
توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ امریکی تیل کمپنیوں کے سربراہ وینزویلا میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کے لیے جمعرات کو وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور وینزویلا کے حکام نے اس نئی پیش رفت پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔