ٹرمپ کا گرین لینڈ حاصل کرنے کے لیے ملٹری آپشنز پر غور
واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے گرین لینڈ حاصل کرنے کے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق گرین لینڈ کو حاصل کرنے کے لیے ملٹری آپشن پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی واضح کر چکے ہیں کہ گرین لینڈ کا حصول ان کی نیشنل سکیورٹی ترجیحات میں شامل ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے اور تمام ممکنہ راستوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ اپنے موجودہ دورِ حکومت میں ہی گرین لینڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے وہ اپنے مشیروں کے ساتھ مل کر مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی آپشنز میں ڈنمارک سے گرین لینڈ خریدنے یا جزیرے کے ساتھ آزادانہ وابستگی کا معاہدہ کرنے کے امکانات بھی شامل ہیں۔
میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار نے مزید بتایا کہ گرین لینڈ کے حصول کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔ نیٹو کے بعض رہنماؤں کی جانب سے اعتراضات کے باوجود صدر ٹرمپ اس معاملے پر پیش رفت کے لیے بے چین دکھائی دیتے ہیں اور اس حوالے سے پسِ پردہ سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب ڈنمارک اور گرین لینڈ کی قیادت کی جانب سے اس معاملے پر کسی نئے ردعمل کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔