خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس، شمالی وزیرستان سے متاثرہ بچی کی تصدیق
پشاور: نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان سے پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ متاثرہ بچی چار ماہ کی ہے اور یونین کونسل سپین وام میں رہائش پذیر ہے۔
چونکہ یہ کیس گزشتہ دسمبر میں پولیو لیبارٹری کو رپورٹ ہوا تھا، اس لیے اسے سال 2025 کے کیسز میں شمار کیا جائے گا۔ شمالی وزیرستان سے یہ پانچواں پولیو کیس ہے جو 2025 میں رپورٹ ہوا۔
خیبرپختونخوا میں سال 2025 کے دوران پولیو کے مجموعی کیسز کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے، جن میں ضلع شمالی وزیرستان سے پانچ، لکی مروت اور ٹانک سے چار، ضلع بنوں سے تین، تورغر سے دو اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہستان لوئر سے ایک ایک کیس شامل ہے۔
ملک بھر میں سال 2025 کے دوران پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 31 رہی، جن میں خیبرپختونخوا سے 20، سندھ سے 9، اور پنجاب و گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔
محکمہ صحت اور پولیو مہم کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات اور مہمات میں تیزی لانے کا عندیہ دے رہے ہیں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔