چیئرمین سینیٹ  یوسف رضا گیلانی سے سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات، بچوں کی فلاح کے منصوبوں پر بریفنگ

0

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آج سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی، جس میں پاکستان بھر میں بچوں اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اور آئندہ پروگرامز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سیو دی چلڈرن پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر نے چیئرمین سینیٹ کو ادارے کے جاری منصوبوں پر جامع بریفنگ دی، جس میں تعلیم، تحفظِ اطفال، صحت و غذائیت، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی سرگرمیاں اور کمیونٹی کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق پروگرامز شامل تھے۔

 بریفنگ میں منصوبوں کی اب تک کی پیش رفت، جغرافیائی دائرۂ کار اور بالخصوص پسماندہ و بحران سے متاثرہ علاقوں میں بچوں اور خاندانوں پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات کو اجاگر کیا گیا۔

ملاقات کے دوران سیو دی چلڈرن کے آئندہ منصوبوں اور اسٹریٹجک ترجیحات پر بھی گفتگو کی گئی، جن میں قومی ترجیحات کے ساتھ ترقیاتی اور انسانی ہمدردی کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے اور بچوں کے لیے پائیدار و جامع نتائج کے حصول کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بچوں کے حقوق کے فروغ اور بنیادی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں سیو دی چلڈرن پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، تحفظِ اطفال اور مساوی صحت کی سہولیات جیسے دیرینہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مربوط اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے بچوں اور کمزور آبادیوں کی فلاح و تحفظ کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.