زوئی سالڈانا دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بن گئیں
ہالی وڈ: ہالی وڈ کی 47 سالہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ زوئی سالڈانا دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ کے اعزاز کے مستحق قرار پائی ہیں، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ زیادہ تر افراد کو ان کا نام معلوم بھی نہیں۔
زوئی سالڈانا کی تازہ ترین فلم اوَٹار: فائر اینڈ ایش نے اب تک دنیا بھر میں 1.2 ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے، جس کے نتیجے میں انہوں نے اسکارلیٹ جونسن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مجموعی طور پر زوئی سالڈانا کی فلمیں دنیا بھر میں 15.46 ارب ڈالرز کا بزنس کر چکی ہیں۔
زوئی سالڈانا نے اپنی کیریئر میں دو اوَٹار فلمیں، مارول سنیماٹک یونیورس کی گارڈینز آف دی گلیکسی(3 فلمیں) اورایوینجرزفلموں میں اہم کردار ادا کیے۔ اس کے علاوہ وہ سٹار ٹریک سیریز اور پائریٹس آف دی کیریبین سیریز کی پہلی فلم میں بھی نظر آ چکی ہیں۔
2024 میں اسکارلیٹ جونسن دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بنی تھیں، جب ان کی فلم جراسک ورلڈ: ری برتھ نے 860 ملین ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا تھا، تاہم اب زوئی سالڈانا نے یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
زوئی سالڈانا نے گزشتہ سال بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔اوَٹار کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون اس سیریز کی مزید دو فلموں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق ابھی نہیں ہوئی۔
یہ کامیابیاں زوئی سالڈانا کو نہ صرف ہالی وڈ کی سب سے بااثر اداکارہ بناتی ہیں بلکہ انہیں باکس آفس کی تاریخ میں ایک منفرد مقام بھی دلاتی ہیں۔