صدر آصف زرداری نے ازبک ہم منصب کی دورہ ازبکستان کی دعوت قبول کرلی
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو غیرمعمولی اہمیت دیتا ہے اور ازبک صدر کے حالیہ تاریخی اور نتیجہ خیز دورۂ پاکستان کے ثمرات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
صدرِ مملکت نے یہ بات جمہوریہ ازبکستان کے سفیرعلیشر تختائیف سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے ایوانِ صدر میں صدر سے ملاقات کی اور ازبک صدر شوکت مرزیایوف کا خط اُنہیں پیش کیا۔
ازبک صدر نے اپنے خط میں دورۂ پاکستان کے دوران شاندار مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال پر صدر آصف علی زرداری، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزازنشانِ پاکستان سے نوازے جانے اور اعزازی پروفیسر شپ و ڈاکٹریٹ دینے پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے خوراک و زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، صحت اور بینکاری سمیت مختلف شعبوں میں ازبکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے حلال گوشت، پھلوں اور آلو کی درآمد میں دلچسپی کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔
ملاقات میں صدر شوکت مرزیایوف نے صدر زرداری کو ازبکستان کے دورے کی دعوت ایک بار پھر دہرائی، جسے صدرِ مملکت نے قبول کرلیا۔ صدر زرداری نے متعلقہ پاکستانی حکام کو ہدایت کی کہ ازبک ہم منصبوں سے رابطہ کرکے رواں برس کے دوران دورے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے۔
صدر مملکت نے حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد اظہارِ یکجہتی اور تعاون کے پیغام پر ازبک صدر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان و ازبکستان کے مابین امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ سفر کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر ازبک سفیر نے صدر زرداری کو آگاہ کیا کہ ازبکستان اسلام آباد کے ایف-7 سیکٹر میں واقع بابر پارک کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی رکھتا ہے، اور اس حوالے سے ازبکستان کے ایک متعلقہ وزیر آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے تاکہ پاکستانی حکام سے تفصیلی بات چیت کی جا سکے۔