برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات، پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد: برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط اور باقاعدہ تبادلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ اس موقع پر خطے کی مجموعی صورتحال اور عالمی سطح پر حالیہ بین الاقوامی پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔
دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھی جائے گی۔