اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور پاکستان سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر گفتگو کی۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ہونے والے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات کے دوران بات چیت کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔