سعودی عرب اور بنگلہ دیش کا دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
سعودی عرب اور بنگلہ دیش نے دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔بنگلہ دیش کے مشیر برائے داخلہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد جہانگیر عالم چوہدری نےوزارت داخلہ میں سعودی عرب کے بنگلہ دیش میں سفیر ڈاکٹر عبداللہ ظفر بن ابیہ سے خیرسگالی ملاقات کی۔
مشیر داخلہ نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش اور سعودی عرب کے تعلقات قریبی اور دوستانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بنگلہ دیشی عوام کے دلوں میں خصوصی مقام رکھتا ہے کیونکہ یہ نہ صرف اسلام کے مقدس مقامات کی سرزمین ہے بلکہ 32 لاکھ سے زائد بنگلہ دیشی محنت کشوں کا دوسرا گھر بھی ہے۔
انہوں نے قومی معیشت میں بیرون ملک مقیم بنگلہ دیشیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے سعودی عرب میں بنگلہ دیشی افرادی قوت کی بھرتی بڑھانے کی درخواست کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں سعودی عرب میں مقیم تقریباً 69 ہزار روہنگیا افراد کو بنگلہ دیشی پاسپورٹس کے اجرا میں پیش رفت، افرادی قوت کی برآمد اور دوطرفہ تجارت میں توسیع، بنگلہ دیش کے آئندہ قومی انتخابات کی تیاریوں اور ریاض میں منعقد ہونے والے ورلڈ ڈیفنس شو میں بنگلہ دیش کی شرکت شامل تھی۔
سعودی سفیر نے مملکت میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیشی پاسپورٹس کے اجرا سے متعلق پیشرفت سے آگاہی طلب کی۔ مشیر داخلہ نے بتایا کہ اس حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور سعودی عرب میں بنگلہ دیشی مشن اور محکمہ امیگریشن و پاسپورٹس پوری استعداد کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ عمل کو تیز کرنے کے لیے وزارت داخلہ کی خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔
تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ پاسپورٹ اندراج کی رفتار درخواستوں کے مقابلے میں کم ہے، جس سے سعودی وزیر داخلہ کو بھی آگاہ کیا جا چکا ہے۔
قومی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق سوالات کے جواب میں مشیر داخلہ نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وزارت مکمل طور پر تیار ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پہلی مرتبہ انتخابی ڈیوٹی کے لیے تربیت دی گئی ہے، تعیناتی سے متعلق ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، غیرقانونی اور لوٹے گئے ہتھیاروں کی بازیابی کی مہم تیز کردی گئی ہے اور معمول کی کارروائیاں جاری ہیں۔
سعودی سفیر نے 8 سے 14 فروری 2026 کو ریاض میں ہونے والے ورلڈ ڈیفنس شو میں بنگلہ دیش کو شرکت کی باضابطہ دعوت دی اور سعودی وزیر داخلہ کا دعوت نامہ پیش کیا۔
مشیر داخلہ نے بتایا کہ 12 فروری 2026 کو شیڈول بنگلہ دیش کے 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات کے باعث وہ خود شرکت نہیں کر سکیں گے، تاہم بنگلہ دیش کی جانب سے مناسب نمائندہ ضرور بھیجا جائے گا۔