وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

0

وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آج ورلڈ اکنامک فورم 2026 کے موقع پر مملکتِ سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی معاشی پیش رفت اور سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔

سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے پاکستان میں حالیہ معاشی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ وزیر خزانہ نے سعودی قیادت اور مملکت کی مسلسل معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ سینیٹر اورنگزیب نے اہم معاشی اشاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی راہ پر ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور درآمدات کے لیے قریباً 3 ماہ کا کور موجود ہے، جو معاشی استحکام کی نشاندہی کرتا ہے۔

وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی جانب بھی توجہ دلائی اور بتایا کہ سولہ نئے آئی پی اوز زیرِ غور ہیں جبکہ گزشتہ سال نو آئی پی اوز کامیابی سے مکمل کیے گئے۔ کیپٹل مارکیٹ میں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار شامل ہوئے ہیں، جو معیشت پر اعتماد کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرحِ سود میں کمی کا عمل جاری ہے اور مانیٹری پالیسی کے فیصلے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی خودمختاری کے تحت کیے جاتے ہیں۔

وزیر خزانہ نے معاشی نمو اور ترسیلاتِ زر میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال معاشی شرح نمو 3.1 فیصد رہی جبکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں یہ بڑھ کر 3.7 فیصد ہو گئی۔ انہوں نے آئی ٹی سروسز میں اضافے کو معاشی سرگرمیوں کے لیے مثبت قرار دیا اور سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے حکومتی اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ معدنیات، زراعت اور دیگر پیداواری شعبے سرمایہ کاری کی ترجیح ہیں، جو برآمدات میں اضافے اور مقامی روزگار کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نجکاری کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اہم اقدامات میں متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل شعبے میں سرمایہ کاری اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز سے متعلق معاملات شامل ہیں، اور آئندہ دیگر سرکاری اداروں، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور بڑے ہوائی اڈوں کی نجکاری پر بھی کام جاری رہے گا۔

سعودی وزیر خزانہ نے اپنی گفتگو میں مملکت میں نجکاری کے تجربات اور اصلاحات کی مثالیں دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی ہوائی اڈے اصلاحات کے بعد منافع بخش ادارے بن چکے ہیں۔

ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.