پاک سعودی دفاعی معاہدے سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملی:احمد فاروق

0

ریاض:سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ پاک سعودی دفاعی معاہدے کی بدولت دونوں ممالک کے حکومتی اور عوامی تعلقات کو ایک نئی جہت ملی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانۂ پاکستان میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے ایسے اہم ممالک ہیں جو دفاعی امور کے ساتھ ساتھ معیشت، تجارت اور ترقی کے دیگر شعبوں میں بہتر مستقبل کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران طے پانے والے سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدوں میں سے متعدد تکمیل کے مراحل میں ہیں، جن کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر مرتب ہونا شروع ہو چکے ہیں۔

سفیر احمد فاروق نے امید ظاہر کی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، جس سے دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، ٹیکسٹائل سمیت مجموعی طور پر آٹھ شعبوں میں معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں، جن کے ذریعے سعودی عرب کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کیا جائے گا۔

سفیر پاکستان کے مطابق سعودی عرب میں پاکستانی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اور سالانہ 720 ملین ڈالرز تک جا پہنچی ہیں، جبکہ سروسز کے شعبے میں پاکستانی برآمدات 590 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2025 کے دوران پاکستان سے پانچ لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب گئے، جبکہ مجموعی طور پر 30 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں جو دنیا بھر سے پاکستان بھیجے جانے والے ترسیلاتِ زر میں تقریباً 25 فیصد حصہ ڈالتے ہیں۔

سفیر احمد فاروق کا مزید کہنا تھا کہ سفارت خانۂ پاکستان سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پوری دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ کام کر رہا ہے، اور سفارت خانے کے تمام شعبے ہم وطنوں کی رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.