ٹرمپ آئندہ ہفتوں میں ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے: سابق امریکی سفیر کا دعویٰ

0

واشنگٹن/تل ابیب: اسرائیل میں امریکا کے سابق سفیر ڈان شپیرو نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ چند ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ڈان شپیرو جو سابق امریکی صدر بارک اوبامہ کے دورِ صدارت میں اسرائیل میں امریکی سفیر کے فرائض انجام دے چکے ہیں، نے ایک اسرائیلی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیوں اور حالیہ پیش رفت کو دیکھتے ہوئے یہ امکان موجود ہے کہ وہ ایران کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں۔

یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران میں تشدد، مظاہروں اور قتل و غارت گری کے واقعات میں امریکی صدر ملوث ہیں۔

سابق امریکی سفیر نے آیت اللہ خامنہ ای سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت 86 برس کے ہو چکے ہیں اور ایک بیمار شخص ہیں، لہٰذا ایران کو اس مرحلے پر نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

مزید برآں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ایک بیان میں ڈان شپیرو نے کہا کہ جلد امریکا کا ایک بڑا بحری بیڑا مشرق وسطیٰ میں موجود ہوگا، جو نہ صرف ایران پر ممکنہ حملے کو آسان بنائے گا بلکہ ایران کی جانب سے کسی بھی جوابی کارروائی کی صورت میں دفاعی تیاریوں میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

سابق امریکی سفیر کے اس بیان کے بعد خطے میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔کیونکہ امریکہ ایرانی فورسز پر بھی مزید حملے کر سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.