ایران میں احتجاج کے دوران اموات کے ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ ہیں : آیت اللہ خامنہ ای ٰ
تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والی اموات، نقصانات اور عوام کے خلاف جھوٹے الزامات کی ذمہ داری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد ہوتی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی مداخلت نے ایران میں حالات کو مزید خراب کیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران ملک کو جنگ میں دھکیلنے کے عزائم نہیں رکھتا، تاہم اندرونی اور بیرونی جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
سپریم لیڈر کے بیان کے مطابق، حالیہ ایران مخالف فسادات میں امریکی صدر کی ذاتی مداخلت واضح طور پر دیکھی گئی، جس نے عوامی مظاہروں اور ملکی استحکام دونوں کو نقصان پہنچایا۔
ایران میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران حکومت کے مخالفین کے ساتھ ساتھ حکومت کے حامی بھی سڑکوں پر نکل آئے اور یکجہتی کا اظہار کیا۔آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی حکام کا موقف ہے کہ بیرونی طاقتیں ایران کے اندرونی امور میں مداخلت کے بجائے ملکی استحکام اور عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھیں۔