محسن نقوی کی پی ایس ایل کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی تجویز، آکشن سسٹم متعارف کرانے پر زور
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے کی بھرپور وکالت کرتے ہوئے ٹیم مالکان کو اس حوالے سے اہم مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹیموں کی مارکیٹ ویلیو میں اضافے کے بعد اب کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھی نمایاں اضافہ ہونا چاہیے تاکہ پی ایس ایل مزید مضبوط اور پرکشش لیگ بن سکے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے ڈرافٹ میں آکشن سسٹم متعارف کرانے کی تجویز بھی دی، تاکہ ٹیمیں اپنی مرضی سے کھلاڑی منتخب کریں اور اس سے کھلاڑیوں کو مالی فائدہ حاصل ہو۔
ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے دو نئی ٹیموں کو کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے پر زور دیا، جبکہ آئندہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پرانی ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن پر بھی تفصیلی بحث متوقع ہے۔
گزشتہ روز محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آٹھوں فرنچائزز، پی سی بی اور پی ایس ایل کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا اور نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر محسن نقوی اور پی ایس ایل ٹیموں کو مبارکباد بھی دی گئی۔