پاکستان بزنس کونسل کا ٹیکس پالیسی آفس کے ساتھ مشاورتی عمل کا خیر مقدم

0

کراچی: پاکستان بزنس کونسل (PBC) نے ٹیکس پالیسی آفس (TPO) کے نو منتخب ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نجیب احمد میمن کا خیر مقدم کیا اور صنعتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بامقصد مشاورت کے آغاز کا استقبال کیا۔

پاکستان بزنس کونسل میں ہونے والی ملاقات کے دوران ڈاکٹر نجیب احمد میمن نے ٹیکس پالیسی آفس کے مینڈیٹ، اہداف اور طریقۂ کار پر روشنی ڈالی اور صنعتی اداروں کے ساتھ منظم مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان بزنس کونسل ان ابتدائی اداروں میں شامل رہی ہے جنہوں نے ٹیکس پالیسی کو ریونیو ایڈمنسٹریشن سے الگ کرنے کی سفارش کی اور اس کی بھرپور حمایت کی۔ کونسل کا موقف ہے کہ ٹیکس پالیسی طویل المدت، مستحکم اور قابلِ پیش گوئی ہونی چاہیے تاکہ سرمایہ کاری کے فروغ، صنعت و برآمدات کی معاونت اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

پی بی سی کی چیئرپرسن ڈاکٹر زیلف منیر نے اس مشاورتی عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس پالیسی آفس کا قیام بامعنی اصلاحات کی جانب ایک مثبت ادارہ جاتی قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس پالیسی آفس کی جانب سے اختیار کیے گئے مشاورتی طریقۂ کار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ڈاکٹر نجیب احمد میمن نے کہا کہ حکومت پاکستان صنعتی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کو ایک مؤثر، قابلِ اعتبار اور ترقی دوست ٹیکس پالیسی فریم ورک کے قیام کے لیے نہایت اہم سمجھتی ہے۔

پاکستان بزنس کونسل نے حکومت اور اس کے اداروں کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پائیدار اصلاحات صرف پالیسی سازوں، انتظامی اداروں اور صنعت کے درمیان ہم آہنگی سے ہی ممکن ہیں۔ کونسل نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور طویل مدتی معاشی ترقی کے لیے ایک شفاف، قابل پیش گوئی اور منصفانہ ٹیکس نظام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.