کترینہ کیف اور وکی کوشل نے بیٹے کا نام مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیا
ممبئی :بالی ووڈ کی مقبول اور باوقار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے اپنے بیٹے کا نام مداحوں کے ساتھ شیئر کر دیا ہے۔ پیدائش کے دو ماہ بعد دونوں نے اعلان کیا کہ ان کے ننھے مہمان کا نام ویہان کوشل رکھا گیا ہے۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل کو بالی ووڈ کے مضبوط اور باوقار جوڑوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ماں بننے کے بعد کترینہ نے میڈیا کی چکاچوند سے خود کو کافی حد تک دور رکھا جبکہ دونوں میاں بیوی نے بچے کی پیدائش کے بعد اپنی نجی زندگی کو ترجیح دی، جس کے باعث مداح طویل عرصے سے بچے کے نام کے منتظر تھے۔
کترینہ اور وکی نے پہلی بار 23 ستمبر 2025 کو والدین بننے کی خوش خبری انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔ اس موقع پر ایک سادہ مگر جذباتی بلیک اینڈ وائٹ تصویر پوسٹ کی گئی، جس میں وکی کے ہاتھ کترینہ کے بیبی بمپ پر رکھے ہوئے نظر آئے۔ تصویر کے ساتھ لکھا گیا کہ وہ اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت باب کا آغاز خوشی اور شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ کر رہے ہیں۔
ابتدا میں جوڑے نے بچے کی جنس کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا تھا، تاہم نومبر 2025 میں انہوں نے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کر دی۔ 7 نومبر کو انسٹاگرام پر بتایا گیا کہ ان کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے جو ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہے۔
اب ویہان کوشل کے نام کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ننھے ویہان کو بالی ووڈ کا نیا اسٹار قرار دیا جا رہا ہے۔