نیپال کی کرکٹ ٹیم کا کارنامہ، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی

0

نیپال کی کرکٹ ٹیم نے شارجہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی، یہ نیپال کی کسی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف پہلی دوطرفہ سیریز فتح ہے۔

پیر کے روز نیپال اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے گئے ٹی20 انٹرنیشنل میچ میں نیپال کے بولر محمد عادل عالم نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کوشل بھرتل نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ویسٹ انڈین ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 83 رنز پر 18ویں اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔

نیپالی کپتان روہت پوڈیل کی قیادت میں ٹیم نے پہلی مرتبہ کسی فل ممبر ملک کے خلاف ٹی20 میچ جیتنے کا اعزاز بھی اسی سیریز کے ابتدائی میچ میں حاصل کیا تھا۔ اس سے قبل نیپال نے 2014 میں افغانستان کو ہرایا تھا، تاہم اُس وقت افغانستان ایسوسی ایٹ ممبر تھا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ کامیابی اس لیے بھی یادگار ہے کہ یہ نیپال کی کسی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف پہلی ملٹی میچ سیریز تھی۔ سیریز سے قبل نیپال نے آسٹریلیا میں ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز میں حصہ لیا تھا، جہاں اس نے بنگلہ دیش اے، پاکستان شاہینز اور آسٹریلوی کلبز کے خلاف کھیل کر اپنی تیاری کی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی فتح نیپالی کرکٹ کے لیے نئی راہیں کھول دے گی اور خصوصاً اکتوبر میں عمان کے شہر المارات میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ ایشیا اور ای اے پی کوالیفائر 2025 سے قبل یہ فتح نیپالی ٹیم کے حوصلے بلند کرے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.