جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ مالدیپ ، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر بات چیت

0

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (ملٹری)نے مالدیپ کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدرِ مالدیپ ڈاکٹر محمد معیظووزیرِ دفاع محمد غسان ماؤمون اور چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم حلمی سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران فریقین نے عالمی اور علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے فوجی تربیت، دفاعی اشتراک اور انسدادِ دہشت گردی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی بات چیت کی۔

دورانِ ملاقات، دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان فوج سے فوج کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کو فروغ دیا جا سکے۔مالدیپ کی سول و عسکری قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں جنرل ساحر شمشاد مرزا کی آمد پر مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس ہیڈکوارٹرز (MNDF HQ) میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر اتفاق کیا، جو دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کے مزید استحکام کا مظہر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.